نئی دہلی،4؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)حکومت نے آج کہا کہ وہ مویشی ذبح نوٹیفکیشن کو لے کر مختلف گروپوں کی طرف سے دی گئی تجاویز کا خیر مقدم کرتی ہے اور حکم کو لے کر بڑھتے تنازعہ کے درمیان اسے تشہیر کے مسئلے کے طور پر نہیں دیکھ رہی ہے۔وزیر ماحولیات ہرش وردھن نے کہا کہ اس بارے میں اہم نوٹیفکیشن کے پیچھے منشا کسی خاص گروپ کو نقصان پہنچانا، لوگوں کی کھانے کی عادت کو متاثر کرنا یا مذبح کے کاروبار کو متاثر کرنا نہیں ہے۔عالمی یوم ماحول کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام سے الگ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ ہمارے پاس جو تجاویز آئی ہیں ان کا جائزہ لیا جائے گا،یہ حکومت کے لیے تشہیر کا مسئلہ نہیں ہے۔وزیر سے پوچھا گیا تھا کہ کیا ان تجاویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور کیا حکومت اس معاملے پر اختیاری خیالات پر بھی توجہ دے گی۔